19 نومبر، 2022، 8:14 PM

ملک اور عوام کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بھارتی وزیراعظم

ملک اور عوام کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بھارتی وزیراعظم

بھارتی وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہم ایسا ورک کلچر لے کر آئے ہیں، جس کا سنگ بنیاد رکھتے ہیں، اس کا افتتاح بھی کرتے ہیں۔ اٹکانا، لٹکانا اوربھٹکانا وہ وقت چلا گیا ہے۔ آج ملک میں جو حکومت ہے، اس کی ترجیح ملک کی ترقی، ملک کے عوام کی ترقی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیاہےکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اروناچل پردیش کے دارالحکومت ایٹا نگر میں نو تعمیر شدہ ڈونی پولو ہوائی اڈے کا افتتاح کیا۔ ہوائی اڈے کے ساتھ ہی وزیراعظم نے 600 میگاواٹ کامینگ ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر اروناچل پردیش کے گورنر بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بی ڈی مشرا، وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو، مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو، ​​نائب وزیر اعلیٰ چونا مین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا، ’’میں جب بھی اروناچل آتا ہوں، اپنے ساتھ ایک نیا جوش اور توانائی لے کر جاتا ہوں۔ اروناچل کے لوگوں کے چہروں پر کبھی بے حسی اور مایوسی نہیں ہوتی، نظم و ضبط کیا ہے؟ یہ یہاں ہر شخص اور گھر میں نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد فروری 2019 میں رکھا گیا تھا اور مجھے یہ سعادت نصیب ہوئی تھی۔ اس ہوائی اڈے کا افتتاح ان لوگوں کے منہ پر ایک بڑا طمانچہ ہے جو دعویٰ کرتے تھے کہ اس کا سنگ بنیاد اروناچل پردیش کے آئندہ انتخابات کے لیے رکھا گیا ہے۔

مودی نے کہا کہ ہم ایسا ورک کلچر لے کر آئے ہیں، جس کا سنگ بنیاد رکھتے ہیں، اس کا افتتاح بھی کرتے ہیں۔ اٹکانا، لٹکانا اوربھٹکانا وہ وقت چلا گیا ہے۔ آج ملک میں جو حکومت ہے، اس کی ترجیح ملک کی ترقی، ملک کے عوام کی ترقی ہے۔ سال کے 365 دن، 24 گھنٹے، ہم صرف ملک کی ترقی کے لیے کام کرتے ہیں۔ مودی نے کہا، ’’میں یہاں اروناچل پردیش میں ہوں جہاں سورج طلوع ہوتا ہے اور دمن جاؤں گا جہاں سورج غروب ہوتا ہے۔ ہم انتخابی فوائد کے لیے کچھ نہیں کرتے۔ کئی دہائیوں تک یہ علاقہ پرانی سیاسی جماعتوں کی بے حسی کا شکار رہا۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی حکومت نے پہلی بار اس علاقے کی ترقی کے لیے ایک الگ وزارت بنائی تھی۔ دور دراز سرحد پر واقع دیہات کو پہلے آخری گاؤں سمجھا جاتا تھا۔ لیکن ہماری حکومت نے انہیں آخری گاؤں، آخری سرا نہیں بلکہ ملک کا پہلا گاؤں سمجھ کر کام کیا۔

انہوں نے کہا، ’’اب ثقافت ہو یا زراعت، تجارت ہو یا کنیکٹوٹی، شمال مشرق کو آخری نہیں اولین ترجیح ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونی پولو ایئرپورٹ اروناچل پردیش کا چوتھا ایئرپورٹ ہوگا۔ آزادی کے بعد سات دہائیوں میں اس علاقے میں صرف نو ہوائی اڈے تھے، اب پچھلے آٹھ سالوں میں حکومت نے مزید سات ہوائی اڈے بنائے ہیں۔ یہ ہوائی اڈہ اروناچل پردیش کے ماضی اور ثقافت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈونی کا مطلب سورج اور پولو کا مطلب ہے چاند۔ انہوں نے کہا کہ اروناچل پردیش کے سرحدی علاقوں میں انتہائی مشکل جغرافیائی حالات میں سڑکیں اور شاہراہیں بن رہی ہیں۔ مرکزی حکومت بنیادی ڈھانچے پر 50 ہزارکروڑ روپے خرچ کرنے جا رہی ہے۔ اس سے یقینی طور پر ریاست میں سیاحت کا آغاز ہوگا اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

یاد رہے اروناچل پردیش کا پہلا گرین فیلڈ ہوائی اڈہ 690 ایکڑ سے زیادہ کے رقبے پر تیار کیا گیا ہے۔ اس پر 640 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت آئی ہے۔ ہوائی اڈہ 2300 میٹر رن وے کے ساتھ تمام موسمی کارروائیوں کے لیے موزوں ہے۔ ہوائی اڈے کا ٹرمینل ایک جدید عمارت ہے، جو توانائی کی کارکردگی، قابل تجدید توانائی اور وسائل کی ری سائیکلنگ کو فروغ دیتا ہے۔ ایٹا نگر میں نئے ہوائی اڈے کی ترقی سے نہ صرف خطے میں رابطے میں بہتری آئے گی بلکہ یہ تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اتپریرک کے طور پر کام کرے گا، اس طرح خطے کی اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔

News ID 1913248

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha