مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے پر سرد ہتھیار سے لیس ایک حملہ آور نے حملہ کیا جس دوران اس نے ایرانی سفیر کو دھمکایا، ایک مقامی ملازم کو زخمی کیا اور سفارت خانے کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ اس حملے کے بعد ایرانی وزارت خارجہ میں مغربی یورپ کے ڈائریکٹر جنرل نے ڈنمارک کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا۔
اس ملاقات میں کوپن ہیگن میں ایرانی سفارت خانے اور سفیر کو مطلوبہ سیکورٹی فراہم نہ ہونے کے خلاف ڈنمارک کے سفیر سے باضابطہ احتجاج کیا گیا۔
ایران کے دفتر خارجہ کی طرف سے اس بات پر زور دیا گیا کہ ویانا کنونشن کے مطابق اس سلسلے میں میزبان حکومت کی ذمہ داری واضح ہے اور ڈنمارک کی حکومت سے سفارتی مقامات کی حفاظت کے حوالے سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی سختی سے پابندی کی توقع ہے۔
ایران کے احتجاج کے جواب میں ڈنمارک کے سفیر نے اس واقعے پر معذرت کرتے ہوئے تاکید کی کہ اس واقعے کے بعد حفاظتی اقدامات کو بڑھا کر بہتر کردیا گیا ہے اور اسی طرح جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر کوپن ہیگن کو صورتحال کی اطلاع دیں گے۔
آپ کا تبصرہ