مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عید میلاد النبی (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ) اور ان کے فرزند حضرت امام جعفر صادق (ع) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایران کے اعلی حکام اور وحدت کانفرنس کے شرکاء نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حضرت محمد مصطفی (ص) اور حضرت امام جعفر صادق (ع) کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عالم اسلام کے علماء اور دانشوروں سے خطاب میں دنیا میں نئے اسلامی تمدن کے قیام اور فروغ پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کی شناخت اور پہچان میں مسلم ممالک کے سیاستدانوں اور حکام کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے اور مجھے عالم اسلام کے سیاستدانوں سے کوئی امید نہیں ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: عید میلاد النبی (ص) کے موقع پرصرف جشن منانا ہی امت اسلامی کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ہمیں پیغمبر اسلام (ص) کی حیات طیبہ، رحمت و رافت پر مبنی تعلیمات، اخلاق اور سیرت و کردار کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی علماء اور دانشوروں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: آج نئے اسلامی تمدن کو قائم اور برپا کرنے کی ضرورت ہے اور یہ ذمہ داری اسلامی علماء اور مفکرین کے دوش پر عائد ہوتی ہے اورمسلمانوں کو امریکہ اور مغربی ممالک کو اپنا قبلہ نہیں بنانا چاہیے اور اس سلسلے میں مجھے اسلامی سیاستدانوں سے کوئی امید نہیں ہے جن کا انحصار مغربی ممالک پر ہے۔
رہبر معظم نے فرمایا: نئے اسلامی تمدن کا مطلب دوسرے ممالک اور اقوام پر یلغار نہیں، کسی کو زبردستی مسلمان بنانا نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات اور اخلاق اور نبی کریم (ص) کی سیرت پر مبنی نظام کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا : دشمن ، مسلمانوں میں اندرونی طور پر اختلاف پیدا کرنے میں کسی حد تک کامیاب ہوگیا ہے اور وہ شیعہ اور سنی کلمہ سے بھر پور فائدہ اٹھا کر دنیا میں مسلمانوں کا خون بہانے میں مشغول اور مصروف ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکی حکام جھوٹے اور منافق ہیں وہ مسلمانوں کی صفوں میں اختلافات کو ہوا دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں انھیں بعض مسلم ممالک کے سیاستدانوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔
رہبر معظم نے فرمایا: اسلام اور مسلمان ، مغربی اور امریکی اتحاد کی دہشت گردی کا شکار ہیں مغربی ممالک، یمن، شام، فلسطین ، لیبیا اور دیگر اسلامی ممالک میں دہشت گردوں کے ذریعہ عدم استحکام پیدا کررہے ہیں۔
رہبر معظم نے فرمایا: مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ عالمی سامراجی طاقتوں اور ان کی ہمراہی کرنے والے مسلم ممالک کے حکام کےبارے میں ہوشیار اور آگاہ رہیں۔
آپ کا تبصرہ