مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی اہل سنت جماعتوں نے تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد کو شریعت اور آئین کا باغی قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ شدت پسندوں اور دہشت گردوں سے مرعوب ہوئے بغیر پورے ملک میں اپنا اقتدارقائم کرے۔ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی میں اہل سنت جماعتوں کا استحکام پاکستان کنونشن منعقد ہوا۔ کنونشن کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ شریعت کے نام پر پاکستانی مسلمانوں کا قتل، مزارات کا انہدام اور علما کی بے حرمتی شدید مذمت کے قابل ہیں ۔اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ فوج، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ ، آئین کے تحفظ اور تقدس کی ذمہ داری پورا کریں۔اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ سوات میں کارروائیاں تاریخ کے بدترین خوارج کی ذہنیت کی عکاس ہیں۔ اس سے پہلے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام کا کہنا تھا کہ صوفی محمد شریعت کے باغی اور آئین کے غدار ہیں ان کو سزا دی جائے اور ان کو ہیرو بنا کر پیش نہ کیا جائے۔ علما نے اپیل کی کہ تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اختلافات بھلا کر ملک کو بچانے کی کوشش کریں۔
آپ کا تبصرہ