مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران، ایران اور امریکہ کے درمیان پہلے سے طے شدہ مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے بات چیت کر رہے ہیں، جس کا مقصد جاری تنازع کے حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔
محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ایران کے صدر سے انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں ایران امریکہ تنازع، مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال، آئندہ کے لائحہ عمل اور دونوں فریقوں کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی وزیر داخلہ کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت کی بحالی سے تنازع کے جامع حل کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کے نقطہ نظر اور تحفظات کھل کر بیان کیے، جس کے بعد دونوں جانب سے متعلقہ امور پر انتہائی تعمیری تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
پاکستانی وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ اس سے مزید پیش رفت کی راہ ہموار ہوگی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مدد ملے گی۔
آپ کا تبصرہ