24 جولائی، 2026، 2:56 PM

ہمسایہ ممالک سے کوئی دشمنی نہیں، سب کو دوست سمجھتے ہیں، ایرانی چیف جسٹس کی عراقی وزیر اعظم سے گفتگو

ہمسایہ ممالک سے کوئی دشمنی نہیں، سب کو دوست سمجھتے ہیں، ایرانی چیف جسٹس کی عراقی وزیر اعظم سے گفتگو

ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے عراقی وزیراعظم سے ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران ہمیشہ اپنے ہمسایوں کے ساتھ تعاون اور حسن ہمسائیگی کی پالیسی پر کاربند ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے چیف جسٹس حجت الاسلام والمسلمین محسنی اژہ ای نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا اپنے کسی بھی ہمسایہ ملک سے نہ کوئی دشمنی ہے اور نہ ہی کوئی خصومت، بلکہ ایران اپنے تمام پڑوسی ممالک کو دوست سمجھتا ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ تعاون کا خواہاں رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے دورے پر آئے عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے تہران میں ایرانی چیف جسٹس محسنی اژہ ای سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عدالتی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسنی اژہ ای نے شہید رہبر انقلاب کی تشییع میں عراقی حکومت اور عوام کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر عراقی عوام کی بے مثال موجودگی امت مسلمہ کے اتحاد اور ایران و عراق کے گہرے تعلقات کی علامت تھی۔

انہوں نے زائرین اربعین کے لیے عراقی حکومت کے انتظامات اور حسن ہمسائیگی کی پالیسی کو بھی سراہا اور کہا کہ ایران و عراق کے درمیان تعلقات انتہائی مضبوط ہیں، جنہیں بیرونی طاقتیں کمزور نہیں کر سکتیں۔

ایرانی چیف جسٹس نے عراقی وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ عراق کی اقتصادی، سیاسی، ثقافتی اور سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران گزشتہ کئی دہائیوں سے امریکہ اور اسرائیل کی دشمنی کا سامنا کر رہا ہے، تاہم ایرانی عوام نے ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور کسی بھی جارحیت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

محسنی اژہ ای نے کہا کہ امریکہ کو ایران کے خلاف دھونس اور زیادتی کی پالیسی ترک کرنا ہوگی، کیونکہ ایرانی قوم کبھی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے خطے کے بعض ہمسایہ ممالک میں فوجی اڈے قائم کر رکھے ہیں، جہاں سے ایران کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ ایران ایسے ہر مقام کو، جہاں سے اس کے خلاف جارحیت کی جائے، اپنے دفاعی اقدامات کا جائز ہدف سمجھتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایران تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات، تعاون اور مشکل وقت میں مدد کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ایران اور عراق کے درمیان عدالتی اور قانونی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران صرف ایک ریاست نہیں بلکہ ایک نظریاتی مکتب ہے، جس سے ایرانی قوم گہری وابستگی رکھتی ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص قانونی اور عدالتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

News ID 1940430

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha