مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خاتم الانبیاء سینٹرل ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے امریکہ اور صہیونی حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیسا ہم پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ امریکہ اور صہیونی اتحاد کو ہماری وسیع اور فیصلہ کن دفاعی صلاحیتوں کا اندازہ تک نہیں اور وہ ایران کی حقیقی اسٹریٹجک قوت سے مکمل طور پر بے خبر ہیں۔
کرنل ذوالفقاری نے دشمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ امید مت رکھیں کہ آپ نے ایران کے اسٹریٹجک میزائلوں کی تیاری کے مراکز، دور مار حملہ آور ڈرونز، جدید فضائی دفاعی نظام، الیکٹرانک وارفیئر یونٹس اور خصوصی فوجی سازوسامان کو تباہ کر دیا ہے، کیونکہ اس طرح کی غلط فہمی آپ کو اس دلدل میں مزید گہرائی تک لے جائے گی جس میں آپ خود کو پھنسوا چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق جن مراکز کو دشمن اپنی کامیابی سمجھ رہا ہے، وہ انتہائی معمولی اور ثانوی نوعیت کے تھے، جبکہ ایران کی اصل اسٹریٹجک دفاعی پیداوار ایسے مقامات پر جاری ہے جن کے بارے میں دشمن کو کسی قسم کی اطلاع نہیں اور نہ ہی مستقبل میں ان تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کو اپنی جارحیت کی قیمت لازماً ادا کرنا ہوگی اور انہیں ایرانی قوم، شرافتمند، عزیز اور مسلمان عوام کے خلاف کیے گئے حملے کا بھرپور تاوان واپس دینا پڑے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ خداوندِ متعال پر توکل کے ساتھ یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک دشمن کو مکمل ذلت، رسوائی، دائمی پشیمانی اور یقینی شکست و تسلیم کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کرنل ذوالفقاری نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اب تک جو غیر متوقع اور سخت ضربیں کھاچکا ہے، وہ اس سلسلے کا اختتام نہیں بلکہ ابھی مزید شدید، وسیع اور تباہ کن کارروائیوں کے لیے تیار رہے، کیونکہ آئندہ ضربیں پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور تباہ کن ہوں گی۔
آپ کا تبصرہ