22 دسمبر، 2025، 12:20 PM

ایران-یوریشین یونین تعاون سے خطے میں ترقی اور باہمی اعتماد کا نیا باب رقم ہوگا، پزشکیان

ایران-یوریشین یونین تعاون سے خطے میں ترقی اور باہمی اعتماد کا نیا باب رقم ہوگا، پزشکیان

ایرانی صدر نے کہا ہے کہ یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ طویل المدتی تعاون علاقائی طاقت اور اقتصادی خودمختاری کی بنیاد ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ طویل المدتی اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط علاقائی نظام اور اقتصادی خودمختاری کی بنیاد قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے روس میں منعقدہ EAEU کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے سفیر قاسم جلالی کے ذریعے اپنا پیغام بھیجا۔ اجلاس میں روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان کے صدور اور آرمینیا کے وزیر اعظم سمیت یونین کے پانچ رکن ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

صدر پزشکیان نے روس کی میزبانی کو سراہتے ہوئے شرکاء کو نئے سال کی مبارک باد دی اور کہا کہ ایران اور EAEU کے درمیان تعاون ایک طویل المدتی حکمت عملی ہے جس کا مقصد علاقائی طاقت قائم کرنا، قومی خودمختاری کو مضبوط کرنا، نقل و حمل اور تجارتی روابط کو فروغ دینا، انرژی سیکورٹی بڑھانا، ٹیکنالوجی کی ترقی، مشترکہ مالیاتی و بینکنگ ڈھانچے قائم کرنا اور عوامی روابط کو وسعت دینا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ مشترکہ ثقافتی و تاریخی تعلقات اور جغرافیائی قربت علاقائی یکجہتی کے کامیاب ماڈل کے قیام کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ مستقبل ان قوموں کا ہے جو تعاون اور باہمی اعتماد کے ذریعے ترقی کا راستہ ہموار کریں گی۔

صدر نے ایران کی علاقائی اور کثیرالجہتی اداروں میں بڑھتی ہوئی شرکت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایران عالمی اور علاقائی سطح پر ایک مؤثر اور قابل اعتماد شراکت دار بننے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ECO، BRICS، D-8، ACD، IORA اور SCO میں ایران کی فعال شرکت کو اس حکمت عملی کی مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی اور اقتصادی سفارت کاری میں EAEU کی خاص اہمیت ہے۔ ایران-EAEU فری ٹریڈ ایگریمنٹ اور مبصر کی حیثیت حاصل کرنا بلاک میں ایران کے مؤثر کردار کی شروعات ہیں۔ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے نفاذ سے تجارتی مواقع اور باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ ہوگا۔

صدر نے کہا کہ ایران اور EAEU کے رکن ممالک کے درمیان تجارتی صلاحیت موجودہ سطح سے کہیں زیادہ ہے اور اس میں مسلسل اضافہ متوقع ہے۔ ایران کی جانب سے دو سربراہی اجلاسوں اور دو انٹرگورنمنٹ کونسل اجلاسوں میں اعلی سطحی شرکت، اقتصادی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کی عزم ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے وزیر صنعت، کان اور تجارت اور EAEU کمیشن کے ہم منصب نے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے نفاذ اور موجودہ چیلنجز کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ کمیٹی اجلاس منعقد کیا، جس کے نتیجے میں مؤثر عمل درآمد کے لیے روڈ میپ منظور کیا گیا۔

پزشکیان نے اعلان کیا کہ ایران فروری 2026 میں تہران میں چوتھے یوریشیا ٹریڈ ایگزیبیشن کے موقع پر EAEU کے تجارتی وزرا کا اجلاس منعقد کرے گا، اور امید ظاہر کی کہ رکن ممالک اور پڑوسی ممالک کے تجارتی و اقتصادی نمائندے اس میں بھرپور شرکت کریں گے۔

News ID 1937235

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha