مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے لبنان کے صیدا شہر اور عین الحلوہ مہاجرین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت نے صیدا اور فلسطینی مہاجرین کے عین الحلوہ کیمپ میں مسجد کے کمپاؤنڈ اور ایک اسپورٹس ہال کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی مہاجرین شہید اور زخمی ہوئے۔
انہوں نے ان حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
بقائی نے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ صیہونی حکومت نے نومبر 2025 کی جنگ بندی کی بارہا خلاف ورزی کی ہے، جبکہ امریکہ پر لازم ہے کہ وہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور خطے کے ممالک کے خلاف جرائم کو روکنے کے لیے عملی اقدام کرے۔
انہوں نے جنگ بندی کے ضامن ممالک، خصوصا امریکہ کی خاموشی کو قابض صہیونی حکومت کے وعدہ شکن طرزِعمل کی تائید قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدام کرتے ہوئے اسرائیلی جرائم کو روکے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوری ایران لبنان کی حکومت، عوام اور مزاحمتی محاذ کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
آپ کا تبصرہ