مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترکی کی خفیہ ایجنسی نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
ترک میڈیا کے مطابق یہ کارروائی دارالحکومت استنبول میں مشترکہ آپریشن کے تحت عمل میں لائی گئی جس میں انسدادِ دہشت گردی پولیس اور پراسیکیوٹر جنرل کا دفتر بھی شامل تھا۔
گرفتار شخص کی شناخت سرکان چچک کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کا اصل نام محمد فاتح کلاش بتایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے بھاری قرضوں کے باعث اپنی اصل شناخت چھپانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے نیا نام اختیار کر رکھا تھا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ چچک موساد کے ایک افسر سے آن لائن رابطے میں تھا اور اس نے اسرائیلی خفیہ ادارے کے لیے جاسوسی پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ ملزم فلسطینی سیاسی کارکن کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی تیاری کر رہا تھا کہ اسے حراست میں لے لیا گیا۔
ترک سکیورٹی حکام کے مطابق اسرائیلی نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور مستقبل میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
حکام نے واضح کیا کہ ترکی اپنی سرزمین پر غیر ملکی ایجنسیوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔
آپ کا تبصرہ