مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے صوبہ قم کی تیز رفتار ترقی کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شہر انتظامی بصیرت اور عوامی محنت کا شاندار نمونہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق قم کے دورے کے دوران گورنر قم بہنامجو سے ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے صوبائی حکام کی گرمجوشی اور تفصیلی بریفنگ پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام میں بلند حوصلہ اور چیلنجز کو مواقع میں بدلنے کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے۔
سفیر نے قم کو ایک ترقی یافتہ شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے صوبے کی علمی و تجارتی صلاحیتوں کو ایران و پاکستان کے درمیان اقتصادی و ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
انہوں نے قم ایئرپورٹ کی تعمیر اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی ترقی کو تجارتی و سیاحتی روابط کے لیے مؤثر اقدامات قرار دیا، اور کہا کہ ہر سال پاکستان سے ہزاروں زائرین قم آتے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان معنوی و ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران و پاکستان کے شہروں کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز پر غور کرنے اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق دیا۔
آپ کا تبصرہ