12 ستمبر، 2025، 1:24 PM

صہیونی جارحیت کے جواب میں قطر کے حقِ دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، ایران

صہیونی جارحیت کے جواب میں قطر کے حقِ دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، ایران

اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے قطر پر صہیونی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اسرائیل کے خلاف اقدامات کی اپیل کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے اور سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسرائیل کی جانب سے قطر پر کیے گئے حملے اور دہشت گردانہ کارروائی کی سخت ترین مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران صہیونی حملے کے مقابلے میں قطر کے حقِ دفاع کی بھرپور حمایت کرتا ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اس کو حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی مسلح کارروائیوں کے نتیجے میں فلسطینی اور قطری شہری شہید اور زخمی ہوئے، اور یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ایران نے پہلے ہی قطر کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

امیر ایروانی نے مزید کہا کہ ایران نہ صرف قطر کے حق دفاع کی حمایت کرتا ہے بلکہ یہ حق بھی تسلیم کرتا ہے کہ قطر اپنے شہریوں، اپنی سرزمین اور اپنی حاکمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری سیاسی، سفارتی اور قانونی اقدامات کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا قطر پر فوجی حملہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کی فلسطین، لبنان، شام، یمن اور ایران کے خلاف بار بار کی جارحانہ اور دہشت گردانہ کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ صہیونی حکومت خطے اور عالمی امن کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہے۔

ایران کے نمائندے نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نے دیگر علاقائی ممالک کو بھی ممکنہ حملے کی دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ جہاں بھی حماس کے سیاسی رہنما موجود ہوں، وہاں اسرائیل حملہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوری اقدامات نہ کرے تو مزید ممالک اسرائیل کی جارحیت کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

امیر ایروانی نے زور دیا کہ سلامتی کونسل اس کھلی خلاف ورزی کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتی اور اسرائیل کے خلاف فوری کارروائی کرنا لازم ہے تاکہ خطے اور بین الاقوامی امن کو محفوظ بنایا جاسکے۔

News ID 1935306

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha