مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی اعلیٰ اقتصادی کونسل برائے اقتصادی زونز کے سیکرٹری رضا مسرور نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان نے تجارتی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ فری زون کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی سربراہی میں ایرانی اعلی اقتصادی وفد اسلام آباد پہنچا جہاں انہوں نے اعلی سطحی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
وفد میں شامل رضا مسرور نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے سازگار حالات فراہم ہوچکے ہیں، جن میں مشترکہ فری زون کے قیام بھی شامل ہے۔ فریقین کے درمیان ان امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
رضا مسرور نے واضح کیا کہ وزارتِ اقتصادی امور و خزانہ اور سپریم کونسل کا ایک بڑا منصوبہ یہ ہے کہ چھٹی نسل کے جدید فری زون کا قیام عمل میں لایا جائے، اور اس کا نفاذ ایران و پاکستان کے مابین مشترکہ زون کی صورت میں ہو۔
صدر پزشکیان اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے تاریخی دارالحکومت لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے مختلف تقاریب میں شرکت کی، جس کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوئے تاکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے باقاعدہ مذاکرات کریں۔
یہ دورہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور علاقائی تعاون کو ایک نئی سمت دینے کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ