مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمهوری آذربائیجان کے صدر الهام علیاف نے ایران اور آذربائجان کے باہمی تعلقات کو بہترین اور مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران اور باکو کے درمیان خوشگوار سیاسی و اقتصادی روابط برقرار ہیں۔ مستقبل میں ان میں مزید وسعت آئے گی۔
آذربائیجان کے شہر خانکندی میں مختلف ممالک کے صحافیوں سے ملاقات کے دوران مہر نیوز کے نمائندے کے سوال کے جواب میں صدر علیاف نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے صدر مسعود پزشکیان کی میزبانی کی، جو ایک مثبت اور خوش آئند امر تھا۔ ایران کے ساتھ ہمارے روابط نہایت عمدہ سطح پر ہیں اور ان میں تسلسل رہے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آذربائیجان اور ایران کو جوڑنے والا اَرس کوریڈور تکمیل کے مراحل میں ہے۔ ہماری طرف سے اس کوریڈور کا بیشتر حصہ مکمل ہو چکا ہے، اب ہم ایرانی فریق سے وابستہ حصے کی تکمیل کا انتظار کر رہے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ آقبند، کلالہ اور جلفا کے درمیان واقع آذربائیجانی حصے کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور غالب امکان ہے کہ یہ کوریڈور رواں سال کے اختتام تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔
آخر میں صدر علیاف نے ایرانی صدر اور ایرانی قوم کے لیے خیرسگالی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی میرا سلام صدر مسعود پزشکیان اور ہمارے ایرانی بھائیوں تک ضرور پہنچائیں۔
آپ کا تبصرہ