مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مزاحمتی تنظیم تحریک جهاد اسلامی نے ایک تعزیتی بیان میں سپاہ قدس کے سینئر کمانڈر جنرل محمد سعید ایزدی المعروف حاج رمضان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فلسطینی مزاحمت کا عظیم کمانڈر اور خطے میں استقامت کی علامت قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم فخر اور غم کے ساتھ، شہید کمانڈر حاج رمضان کی شہادت پر ملت فلسطین، امت اسلامیہ اور ملت ایران کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ وہ ایک ایسے وقت میں صہیونی دشمن کے بزدلانہ حملے کا نشانہ بنے جب وہ قم شہر میں اسلامی جمہوری ایران کی سرزمین پر خدمت انجام دے رہے تھے۔
جهاد اسلامی نے شہید ایزدی کو خطے میں مزاحمت کی پشت پناہی کا ایک اسٹریٹیجک ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بابرکت زندگی فلسطینی قوم اور خطے کی مزاحمتی تحریکوں کی ہمہ جہت حمایت میں صرف کی۔ ان کی اسٹریٹیجک بصیرت، پختہ ارادہ اور جہادی روح نے مزاحمت کی تقویت اور پشت پناہی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فلسطینی قوم شہید ایزدی کے راستے کی وفادار رہے گی، جس طرح وہ ہمیشہ ان تمام شہداء کے خون کی قدردان رہی ہے جنہوں نے مسجد الاقصی اور فلسطین کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
جهاد اسلامی نے صہیونی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت جو فاشزم اور نازی ازم کی باقیات ہے، اپنے جرائم کی قیمت ضرور چکائے گی۔ معصوم بچوں، خواتین اور بے گناہوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔
بیان کے اختتام پر، جهاد اسلامی نے رہبر انقلاب اسلامی، ملت ایران، سپاہ پاسداران انقلاب اور شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی مسئلہ فلسطین کے لیے مسلسل حمایت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
آپ کا تبصرہ