12 جون، 2025، 1:35 PM

امریکہ اور یورپی ٹرائیکا ایٹمی نگران ادارے کو ایران کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، وزارت خارجہ

امریکہ اور یورپی ٹرائیکا ایٹمی نگران ادارے کو ایران کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یورپی ٹرائیکا اور امریکہ کی طرف سے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کو تہران کے خلاف سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے عمل کی شدید مذمت کی ہے۔

مہر نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز میں پیش کی گئی قرارداد امریکہ اور تین یورپی ممالک کی تجویز اور ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی سیاسی رپورٹ کی بنیاد پر منظور ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا: یہ قرار داد ایک غیر منصفانہ اور بلاوجہ دباؤ کا ذریعہ ہے جس کا مقصد ایران کے جائز حقوق اور مفادات کو نقصان پہنچانا ہے۔

بقائی نے اس قرارداد میں درج ایران کے خلاف الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی سیاسی رپورٹ میں بھی ایسے دعوے نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی ممالک کی ایران کے خلاف پچھلی دو دہائیوں کی جارحانہ پالیسی، تہران کی پرامن ایٹمی ترقی کو روکنے کی معاندانہ کوششوں کا حصہ رہی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ایران نے تمام شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے بھرپور تعاون کیا ہے،  لیکن اس کے باوجود مغربی ممالک بار بار مختلف طریقوں سے ایران کے ایٹمی پروگرام کو روکنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے ایران کے خلاف جانب دارانہ رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا: ان کے گمراہ کن دعوے اور متنازعہ بیانات ایجنسی کی پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے ایجنسی کے سربراہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دائرہ کار پر توجہ دیتے ہوئے سیاست بازی ترک کریں۔

بقائی نے چین، روس، وینزویلا، کیوبا، نکاراگوا اور بیلاروس سمیت ان ممالک کی قدردانی کی جنہوں نے مشترکہ بیان جاری کر کے اس قرارداد کی مخالفت کی تھی۔

 انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے تحت ہر ممکن اقدام کرے گا۔

News ID 1933380

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha