مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اور وینزویلا "عالمی استکبار" کے خلاف ایک صف میں کھڑے ہیں اور دونوں ممالک کو باہمی دشمنوں اور مشترکہ اتحادیوں کے باعث اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
وینزویلا کے دارالحکومت کراکس پہنچنے پر وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان کیل پینٹو اور اعلیٰ حکام نے ایرانی پارلیمانی سربراہ کا سرکاری استقبال کیا۔
کراکس ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایران اور وینزویلا کو عالمی استکبار کے خلاف طویل جنگ میں ایک دوسرے کے حامی اور شریک قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کو تسلط پسند طاقتوں سے لاحق خطرات کا بھرپور ادراک ہے۔
اس موقع پر وینزویلا کے وزیر خارجہ پینٹو نے اسلامی جمہوریہ ایران کو امن کا ضامن قرار دیا اور کہا کہ ایران نے گزشتہ 46 برسوں میں تمام تر دباؤ، پابندیوں اور حتیٰ کہ جنگ کا سامنا کیا، لیکن ہمیشہ مزاحمت کی اور کامیاب رہا۔
پینٹو نے مزید کہا کہ ایران کی کامیابی، وینزویلا کی کامیابی ہے۔ امریکہ نے ایران کے خلاف سب کچھ آزما لیا، مگر ناکام رہا۔
استقبالیہ تقریب کے بعد ایرانی وفد نے جنوبی امریکہ کی آزادی کے ہیرو سیمون بولیوار کے مزار پر حاضری دی۔ قالیباف نے مہمانوں کی یادداشت میں اپنے تاثرات لکھے اور بولیوار کو نوآبادیاتی تسلط کے خلاف ایک عظیم انقلابی اور آزادی کا عالمی استعارہ قرار دیا۔
آپ کا تبصرہ