مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب نے شام میں صہیونی حکومت کے حملے میں شہید ہونے والے اپنے کمانڈر جنرل زاہدی کی پہلی برسی کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ مزاحمتی محاذ بالآخر فلسطین پر قابض صہیونی حکومت کے منحوس وجود کا خاتمہ کر دے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب نے یہ بیان قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی اور ان کے نائب محمد ہادی حاجی رحیمی کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر جاری کیا، جو یکم اپریل 2024 کو دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ خطے میں صیہونی حکومت اور امریکہ سازشوں کے ذریعے قابض حکومت کو زوال کو نہیں روک سکیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خدا کے فضل سے مقاومتی محاذ کو یورپ اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں بھرپور حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ صیہونی غاصبوں کے خلاف مزاحمت ایک ناقابل تردید حقیقت بن چکی ہے اور اس جنگ میں حتمی فتح مزاحمتی قوتوں کی ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ صہیونی حکومت نے جنرل زاہدی اور مقاومتی کمانڈروں کو شہید کیا تاہم ان کاروائیوں سے صہیونی مجرموں کے جرائم اور مزاحمتی محاذ کی عظیم کامیابی پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا۔
سپاہ پاسداران انقلاب نے واضح کیا کہ اسرائیلی حکومت اپنی سیکیورٹی کو بحال کرنے میں ناکام رہی ہے، اور آخرکار جنگ بندی معاہدے کو تسلیم کرکے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور فلسطینی جنگجوؤں کے عزم کے سامنے جھک گئی۔
واضح رہے کہ بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی 1960 میں پیدا ہوئے اور 1980 میں سپاہ پاسداران انقلاب میں شامل ہوئے۔ انہوں نے 1980-88 کی عراق-ایران جنگ کے دوران اہم کردار ادا کیا۔
آپ کا تبصرہ