مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ میں حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی ہوگئی ہے۔ صہیونی حکومت نے حسب سابق معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے مختلف علاقوں پر حملہ کرکے درجنوں فلسطینیوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔ صہیونی حکومت کی عہدشکنی کے ریکارڈ کے پیش نظر مبصرین معاہدے کے بارے میں زیادہ مطمئن نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایک اسرائیلی سیاسی عہدیدار کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کا امکان نہیں ہے اور جنگ دوبارہ شروع ہوگی۔
صہیونی ذرائع کے مطابق یہ بیان اسرائیلی وزیر اعظم کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے ایک اعلی سیاسی ذریعے سے شائع کیا گیا تھا لیکن یہ خبر ایک منٹ کے اندر صہیونی ویب سائٹس سے ہٹادی گئی۔
یہ خبر اس وقت سامنے آئی ہے جب صہیونی وزیر اعظم نے مصر، قطر، اور امریکہ کی ثالثی سے طے پانے والے معاہدے کے چند گھنٹے بعد ہی حماس پر معاہدے کی بعض شقوں کو توڑنے اور نئے مطالبات شامل کرنے کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے دعوی کیا کہ حماس کی جانب سے شامل کردہ شقوں کے باعث معاہدے کے نفاذ کے لیے ثالثوں کی جانب سے ضمانتیں ضروری ہیں۔
آپ کا تبصرہ