مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی زمینی فوج کے سربراہ جنرل کیومرث حیدری نے مغربی سرحدی علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بری فوج کی 41ویں بٹالین اور 35ویں اسپیشل فورسز بریگیڈ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
جنرل حیدری نے زمینی فوج کے 35ویں اسپیشل فورسز بریگیڈ کے کمانڈوز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فورس کے تمام ارکان کے لیے ضروری ہے کہ وہ ولایت کے اصولوں پر کاربند رہیں۔ آج کے دور میں صراط مستقیم کا مطلب انبیاء اور آئمہ اطہار (ع) کے واضح راستے کو جاری رکھنا ہے، اور غیبتِ امام عصر (عج) کے دوران یہ راستہ ولی فقیہ اور سپریم کمانڈر کی مکمل پیروی ہے۔ ولایت فقیہ کی اطاعت ایرانی فوج کی سب سے اہم بنیاد ہے۔ ولایتمداری پر یقین دشمن افواج کو غیر مؤثر کرنے اور ان کے خلاف مضبوط ترین دفاعی ڈھال کا کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ افواج کی تیاری اور ان کا عزم دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور یہی ایران کی سرحدوں کی حفاظت کا ضامن ہے۔ ایران کی مسلح افواج، خصوصاً بری فوج، قومی اتحاد اور ارادے پر انحصار کرتے ہوئے ملک کی سرزمین پر کسی بھی جارحیت یا مداخلت کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے بری فوج کے سرحدی محافظوں کی گرانقدر خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ محافظ ہمیشہ مکمل آگاہی، ایمان، اور ہوشیاری کے ساتھ ایران کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں اور ہر طرح کے خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
آپ کا تبصرہ