مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے سینیئر کمانڈر جنرل صباحی فرد نے کہا ہے کہ ملک کی فضائی دفاعی فورسز ہر طرح کی ممکنہ جارحیت کی صورت میں پوری قوت کے ساتھ ملکی فضائی حدود کا دفاع کریں گی۔
خاتم الانبیاء ایئر ڈیفنس بیس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علیرضا صباحی فرد نے کہا کہ فضائی دفاعی فورسز پوری قوت کے ساتھ ملک کی فضائی حدود کی حفاظت کر رہی ہیں اور شب و روز مکمل چوکنا ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی فضائی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور خداوند متعال پر توکل کے ذریعے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائے گا۔
اس سے پہلے ایرانی فوج کے سینیئر عہدیدار نے بتایا تھا کہ امریکہ-اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کے دوران تباہ شدہ فضائی دفاعی نظام کو بدل دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حکومت نے 13 جون کو ایران پر جارحانہ حملہ شروع کیا تھا جو 12 روز تک جاری رہا۔ ایران کی مسلح افواج نے اس جارحیت کا بھرپور جواب دیا، جس کے بعد اسرائیل اور امریکہ جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوئے۔
ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صہیونی حکومت نے دوبارہ جارحیت کی تو ایرانی فوج دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کے لیے مکمل تیار ہے۔
آپ کا تبصرہ