مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جنوبی لبنان کے مختلف رہائشی علاقوں پر فضائی حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں نہتے شہریوں کی شہادت پر صیہونی رجیم کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے صیہونی رجیم کے لیے امریکہ اور بعض مغربی ممالک کی حمایت پر بھی کڑی تنقید کی اور فلسطینی عوام کے خلاف اس مجرم حکومت کے جرائم اور جنگ کا دائرہ پورے خطے تک پھیلانے کی کوششوں سے خبردار کیا۔
انہوں نے لبنان کے خلاف صہیونیوں کی نئی مہم جوئی کے خطرناک نتائج سے بھی خبردار کیا۔
کنعانی نے ان حملوں کو بربریت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران صیہونی حکومت کے جرائم کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے یہ حکومت اپنی جارحیت اور نسل کشی کی پالیسی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے فلسطین میں صیہونی حکومت کے جرائم کے تسلسل اور ان جرائم کے دائرہ کار کو لبنان تک پھیلانے کو علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے ان جرائم کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا۔
آپ کا تبصرہ