مہر خبررساں ایجنسی نے شفق نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ روئٹرز نے واشنگٹن اور بغداد کے درمیان ستمبر 2025 تک عراق سے امریکہ کی سربراہی میں داعش مخالف نام نہاد بین الاقوامی اتحاد کی افواج کے انخلاء کے معاہدے کی خبر دی ہے۔
اس خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں ستمبر 2025 تک عراق سے سیکڑوں بین الاقوامی اتحادی افواج کا انخلاء شامل ہے جب کہ دیگر افواج 2026 میں عراق سے نکل جائیں گی۔
روئٹرز نے ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ہم عراق سے اتحادی افواج کے انخلاء کے بارے میں ایک سمجھوتے پر پہنچ گئے ہیں اور اب دیکھنا یہ ہے کہ اس کا اعلان کب کیا جائے۔
اس خبر رساں ایجنسی کے مطابق، امریکہ اور عراق ایک نئے مشاورتی تعلقات کے قیام پر بھی غور کر رہے ہیں جس میں اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد عراق میں باقی رہنے والی کچھ امریکی افواج کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
روئٹرز نے ایک اور ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ عراق سے اتحادی افواج کے انخلاء کا اعلان چند ہفتے پہلے ہونا تھا، لیکن غزہ میں اسرائیل کی جنگ سے متعلق علاقائی کشیدگی میں اضافے اور کچھ دیگر تفصیلات کے حل کے باعث، اسے ملتوی کر دیا گیا تھا اور ممکنہ طور پر معاہدے کا اعلان اسی ماہ کر دیا جائے گا۔
روئٹرز نے دعوی کیا ہے کہ یہ معلومات اسے پانچ امریکی اہلکاروں، کئی اتحادی ممالک کے حکام اور تین عراقی اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فراہم کیں۔
آپ کا تبصرہ