مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے پاکستان سویٹ ہوم میں فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان سویٹ ہوم کے ننھے فرشتوں اور پریوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کی جانب سے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا۔
پیر کو جاری بیان میں زمرد خان نے کہا کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی ایک بہادر اور جرأت مند رہنما تھے ، آپ کا دل یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ دھڑکتا تھا، ابھی حال ہی میں جب ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کا دورہ کیا تو ان کی اہلیہ خصوصی طور پر پاکستان سویٹ ہوم تشریف لائیں جو ان کی یتیم بچوں سے محبت کا اظہار تھا۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ابراہیم رئیسی انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبے سے سر شار تھے، وہ پاکستانی عوام سے بے پناہ پیار کرتے تھے ، اس مشکل گھڑی میں ہم ایرانی حکومت و عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کی شہادت عالم اسلام کا ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ اللہ تعالیٰ شہداء کی کامل مغفرت اور بخشش فرمائے اور ان کے درجات بلندی کرے۔
آپ کا تبصرہ