مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، نگہبان کونسل کے ترجمان ہادی طحان نظیف نے صدر مملکت اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عزیزوں نے شب ولادت باسعادت امام رضا میں اپنی بے لوث خدمت کا صلہ پا لیا اور عوام ان کی زحمتوں کے قدرداں ہیں۔ نگہبان کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ملک کے آئین میں اس قسم کے حادثات کی صورت میں ضروری پیش بندی کی گئی ہے اور رہبر معظم کی موافقت سے نائب صدر، صدرمملکت کے فرائض اور اختیارات سنبھالیں گے اور عدلیہ و مقننہ کے سربراہوں اور نائب صدر پر مشتمل کونسل 50 دن کے اندر انتخابات کرانے کی پابند ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جیسا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے، ملک میں قانون کی عملداری میں کوئی خلل واقع نہیں ہوگا۔
اسلامی جہہوریہ ایران کے آئین کی دفعہ 131 کے مطابق صدر مملکت کے انتقال، استعفی، غیبت، یا دو مہینے سے زیادہ بیمار رہنے یا ایسی صورتحال پیدا ہونے پر کہ موجودہ صدر کی میعاد ختم ہو گئی ہو اور بعض وجوہات سے نئے صدر کا انتخاب نہ ہوا ہو یا اسی قسم کی دوسری صورتحال پیش آںے پر، نائب صدر، رہبر انقلاب اسلامی کی موافقت سے صدر مملکت کے اختیارات و فرائض سنبھالے گا اور پارلیمنٹ کے اسپیکر، عدلیہ کے سربراہ اور نائب صدر پر مشتمل کونسل کا فریضہ ہوگا کہ 50 دن کے اندر نئے صدر کا انتخاب کرائے اور نائب صدر کے انتقال کی صورت میں یا اس کے فرائض کی انجام دہی میں کوئی رکاوٹ درپیش ہونے کی صورت میں اور اسی طرح اس صورت میں کہ نائب صدر نہ ہو، رہبر معظم انقلاب اسلامی اس کی جگہ پر کسی دوسرے شخص کو منصوب کریں گے۔
آپ کا تبصرہ