مہر خبررساں ایجنسی نے فرانس پریس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اقوام متحدہ سوڈان میں جاری داخلی جنگ سے پریشان ہے۔ عالمی ادارے کے کمیشن برائے پناہ گزین کے سربراہ فلیپو گرینڈی نے کہا ہے کہ تین لاکھ سے زائد سوڈانی شہری خانہ جنگی کے باعث ہمسایہ کی طرف ہجرت کرچکے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا ہے کہ مہاجرین کی کثیر تعداد نے حالیہ دنوں میں ہی مصر اور چاڈ کی سرحدیں عبور کی ہیں۔ انہوں نے سوڈان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہونے والی امداد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ممالک کی مزید مدد کی ضرورت ہے۔
اس سے پہلے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا تھا کہ سوڈانی فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان جھڑپوں کی وجہ سے اب تک 13 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے ہیں جن میں سے تین لاکھ ملک سے ہجرت کرچکے ہیں۔
دوسری طرف سوڈان کی وزارت صحت نے جنگ میں متاثر ہونے والوں کی رپورٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خانہ جنگی کی وجہ سے اب تک سات سو سے زائد ہلاک اور پانچ ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ