مہر خبررساں ایجنسی نے مرکز اطلاعات فلسطین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے کل بدھ کے روز مسجد اقصیٰ میں نہتے نمازیوں اور روزہ داروں پر چڑھائی کے خلاف فلسطین بھر میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے اور ملک کے کئی علاقوں میں نصرت اقصیٰ ریلیاں نکالی گئیں۔
بدھ کی شام غزہ کی پٹی ، مقبوضہ مغربی کنارے ، یروشلم ، اور مقبوضہ اندرونی فلسطینی علاقوں میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائی کے خلاف احتجاجی جلوس نکالے گئے۔
خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے منگل اور بدھ کے روز مسجد اقصیٰ میں نمازوں کے لیے آئے فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے کیے جس کے نتیجے میں سیکڑوں روزہ دار زخمی اور سیکڑوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسرائیلی فوج کی اس وحشیانہ کارروائی پر فلسطین سمیت عرب اور مسلمان ممالک کی طرف سے شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
غزہ میں نماز تراویح کے بعد اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کی اپیل پراحتجاجی جلوس نکالے گئے جس میں قابض اسرائیلی فوج کی مسجد اقصیٰ کے خلاف جارحیت شدید مذمت کی گئی۔
شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے زیراہتمام ہونے والے مظاہروں میں شرکاء نے اسرائیلی ریاست اور قابض فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اندرون فلسطین کے شہروں حیفا، ام الفحم اور کئی دوسرے مقامات پر اسرائیلی فوج کے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر تشدد کے خلاف جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔
فلسطینی علاقوں میں نکالی جانے والی ریلیوں کو منتشر کرنےکےلیے قابض فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں بھی فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی اپیل پراحتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کی چڑھائی کی شدید مذمت کی گئی۔
آپ کا تبصرہ