مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سےنقل کیاہےکہ ہندوستانی میڈیا کے مطابق سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے گرفتاری سے قبل دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ سے آٹھ گھنٹے کی پوچھ تاچھ بھی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں سی بی آئی نے پوچھ تاچھ کے دوران مبینہ طور پر تعاون نہ کرنے کے بعد گرفتار کیا ہے۔ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ منیش سسودیا پوچھ تاچھ کے لیے سی بی آئی ہیڈکوارٹر پہنچے تھے۔ سی بی آئی ہیڈ کواٹر جانے سے قبل وہ مہاتما گاندھی کی سمادھی پر بھی گئے جہاں انہوں نے عام آدمی پارٹی کے کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔انہوں نے کہاکہ “اگر میں جیل جاؤں تو افسوس مت کرنا، فخر کرنا، لاکھوں منیش سسودیا پیدا ہوں گے، دیکھتے ہیں مودی جی کتنے لوگوں کو روکتے ہیں۔
سی بی آئی کے دفتر جانے سے قبل عام آدمی پارٹی رہنما نے ٹویٹ میں اپنے اوپر لگے الزامات کو جھوٹا قرار دیا اور لکھا کہ "لاکھوں بچوں کی محبت اور کروڑوں ہم وطنوں کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں، چند ماہ جیل میں رہنا پڑے گا، ایسے جھوٹے الزامات کی وجہ سے جیل جانا ایک چھوٹی سی بات ہے۔
خیال رہے کہ ہندوستان کی اپوزیشن جماعتوں منجملہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت اپنے مخالفین کو کنارے لگانے کے لئے ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے اور وہ بے بنیاد الزامات عائد کر کے انہیں عدالتی کارروائیوں میں الجھا کر اپنی متنازعہ پالیسیوں کے خلاف صدائے احتجاج کو دبانا چاہتی ہے۔
آپ کا تبصرہ