مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت داخلہ کی آفیشل ویب سائٹ پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کا 29ویں قومی نماز کانفرنس کے لئے پیغام منتشر کیا گیا۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
والحمدلله رب العالمین و صلی الله علی محمد و آله الطاهرین سیما بقیه الله فی العالمین ارواحنا فداه
دو سال کی تاخیر کے بعد اس بابرکت کانفرنس کا انعقاد باعث مسرت اور ان شاء اللہ باعث برکت ہے۔ نماز کی قدروقیمت کو ظاہر کرنے اور اس مبارک فریضے کی تعظیم کی ہر فکری اور عملی کوشش انسانوں کے دلوں کو نورانی کرنے اور ان کی زندگی کی محفل کو گرمانے والی چیز ہے۔
خدا کی یاد کہ نماز جس کا کامل مظہر ہے، دل و جان کو آزاد اور معاشرے کو سنوار دیتی ہے۔ ایک خوش نصیب اور سعادت مند معاشرے میں اہم روابط جیسے دوستی و محبت، عفو و درگذر، مہربانی، ہمدلی، ہمدردی، ایک دوسرے کی مدد کرنا، احسان، خیرخواہی اور اس طرح کی چیزیں نماز کی برکت سے مضبوط ہوتی ہیں۔ نماز جماعت کی صف ایک دوسرے سے جڑی ہوئی اجتماعی سرگرمیوں کی صفیں ایجاد کرتی ہے۔ مساجد کا صمیمی اور پرجوش مرکز سماجی میدان میں تعاون کے مراکز کو فروغ دیتا ہے۔
نماز جب حضورِ خدا کے احساس کے ساتھ ادا کی جاتی ہے تو یہ زندگی کے تمام شعبوں پر نور افشانی کرتی ہے اور فرد اور معاشرے کے لیے دنیا و آخرت کو سنوار دیتی ہے۔
نماز پڑھنے والا - جو بھی اور جہاں بھی - نماز سے اپنی استطاعت کی حد تک فائدہ اٹھاتا ہے لیکن اس دوران جوان اور نوجوان سب سے آگے ہیں؛ ان کا فائدہ اس نماز سے جو توجہ اور خشوع کے ساتھ پڑھی جاتی ہے، سب سے زیادہ ہے۔ نوجوان اور نوعمر دل اس "فلاح" تک پہنچنے کے لیے زیادہ تیار ہوتا ہے جس کی طرف اذان جلدی کرنے کا حکم دیتی ہے۔
والدین اور ماؤں، اساتذہ اور معلمین، نصیحت کرنے والوں اور مبلغین کو چاہیے کہ نماز اور جوانوں کے درمیان تعلق میں اس حقیقت کو یاد رکھیں اور اس فرض کو پہچانیں جو ان کے کندھوں پر ہے۔
اسکول، یونیورسٹیاں، خاص طور پر فرہنگیان یونیورسٹی، ریڈیو اور ٹیلی ویژن اور دیگر ثقافتی ادارے "اقموا الصلوٰۃ" کے اصلی مخاطبین میں شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے سب کی توفیق کے لیے دعا گو ہوں۔
سید علی خامنہ ای / 5 بہمن 1401
آپ کا تبصرہ