مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیراعظم سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملک میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کی اور بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں کل جمعہ کے روز ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس پر بھی گفتگو کی گئی۔قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے سدباب پر غور ہو گا۔عسکری حکام دہشت گردی اور افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے، جس میں ملکی سلامتی اور سرحدی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
علاوہ ازیں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی وضع کرنے سے متعلق معاملات پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت جمعہ کے روز ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تمام سروسز چیفس، سکیورٹی حکام، وزیر خارجہ ، وزیر داخلہ ، وزیر دفاع ،وزیر خزانہ اور وزیر اطلاعات ونشریات شرکت کریں گے۔
آپ کا تبصرہ