9 اگست، 2022، 2:47 AM

ہندوستان، عراق اور پاکستان میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

ہندوستان، عراق اور پاکستان میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج 10 محرم الحرام بروز (منگل) کو پاکستان،بھارت اور عراق میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج 10 محرم الحرام بروز (منگل) کو پاکستان،بھارت اور عراق میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے. 

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے شہر کراچی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں جلوس برآمد ہوں گے۔ سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور سعید غنی نے پولیس ہیڈ آفس کراچی میں سندھ پولیس کے قائم کردہ مانیٹرنگ سیل کا جائزہ لے چکے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے یوم عاشورہ سے ایک روز قبل جلوس کے مختلف راستوں کا دورہ کیا۔

کراچی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس آج (منگل) کو نشترپارک سے برآمد ہوگا، جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح 8 بجے نشترپارک میں منعقد ہوگی۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔  علاوہ ازیں مجلس عزا کے اختتام پر بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

مرکزی جلوس عزا میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح کی زیارات ہونگی، معروف ماتمی انجمنیں نوحہ خوانی و سینہ زنی کریں گی۔ مرکزی جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جبکہ نیاز و تبرک بھی تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

مرکزی جلوس عزا کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز دیگر سیکیورٹی اداروں سمیت اسکاؤٹس موجود ہوں گے۔

یوم عاشور کے موقع پرلاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جس میں پولیس اوررینجرزکی بھاری نفری کو جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات کیا گیا ہے جب کہ شہر بھر میں  موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔

 بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے  ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس عملدار روڈ سے برآمد ہوگا، جلوس کی سکیورٹی کے پیش پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، پشاور میں یوم عاشور کے موقع پرشہربھرسے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم عاشور کے موقع پر چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے اس موقع پر  شہر بھر میں فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان اورآزادکشمیرمیں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔

عراق، محرم کے عشرہ اول میں پچاس لاکھ سے زائد لوگ نجف پہنچ گئے

عراق کے  صوبے نجف کے گورنر ہاوس نے اعلان کیا ہے کہ محرم کے پہلے عشرے میں پچاس لاکھ سے زائد زائر نجف اشرف پہنچ گئے ہیں۔

 عراق میں بھی آج منگل کے روز عاشور ہے اور پوری دنیا سے عزادار امام حسین علیہ السلام کا غم منانے کے لئے نجف اور کربلا پہنچے ہيں۔

 انہوں نے بتایا کہ محرم کی عزاداری کے لئے زائروں کی بہت بڑی تعداد نجف اشرف پہنچی ہے جن کی تعداد پچاس لاکھ سے زائد ہو چکی ہے اور زائروں کی بڑی تعداد کے پیش نظر نجف اشرف کے قدیمی علاقوں میں انسٹھ  میڈیکل سنٹر بنائے گئے ہيں اسی طرح قدیمی نجف اشرف کے سرکاری اسپتالوں نے بھی مختلف علاقوں میں میڈیکل سنٹر قائم کئے ہيں اور ان اسپتالوں کو پوری طرح سے سہولتوں سے لیس کر دیا گیا ہے تاکہ امام حسین علیہ السلام کے زائروں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں ۔

ادھر ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت مختلف صوبوں میں ماتمی جلوس برآمد ہوں گے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ہندوستان کے زير انتظام کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی آج یوم عاشور مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔۔

_____________________________

ہمیں سوشل میڈیا پر جوائن کریں

 WhatsApp group

Facebook

instagram

twitter

News Code 1911924

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha