مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت کئي ممالک نے افغانستان کے شہر قندھار میں ہونے والے خودکش دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے قندہار میں خود کش حملے کی ذمہ داری داعش دہشت گرد تنظیم نے قبول کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں قندھار مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی گئي ہے ۔ ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے بھی قندہار مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے بھی قندہار مسجد پر حملے کی مذمت کی ہے ۔ادھر یورپی یونین نے بھی قندہار مسجد پر داعش کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے افغانستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ قندہار میں شیعہ جامع مسجد پر کل نماز جمعہ کے دوران داعش دہشت گرد تنظیم کے خودکش حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ