مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ نے بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں پربہیمانہ تشدد کے معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے شدید اعتراض کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں پر وحشیانہ بربریت کے معاملے پر پاکستان میں متعین بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ پاکستان نے آسام میں مسلمانوں پر مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ آسام میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش ہے، آسام میں مسلمان باشندوں کے خلاف وحشیانہ بے دخلی مہم کا آغاز تشویشناک ہے، پولیس نے غیر مسلح شخص کو قتل کیا
ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی موجودگی میں متعدد افراد نے لاش کی بے حرمتی کی، نہتے شخص کے قتل اور لاش کی بے حرمتی کی ویڈیو ناقابل یقین حد تک دھچکہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آسام میں مسلمانوں کے گاؤں میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران بھارتی پولیس نے تشدد کر کے 2 افراد کو ہلاک جبکہ 20 کو زخمی کردیا تھا۔
آپ کا تبصرہ