مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر اس وقت بھی 5 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں جب کہ ایک ہزار کے قریب برطانوی اہلکار بھی موجود ہیں، جن کی مدد سے 5 دنوں میں 18 ہزار افراد کا انخلا مکمل کرلیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ افغانستان میں اب بھی 5 ہزار 800 امریکی فوجی تعینات ہیں۔ یہ اہلکار کابل میں حامد کرزئی ایئرپورٹ سے امریکی فوجیوں کی مدد کرنے والے افغان شہریوں کی امریکہ بحفاظت روانگی کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں۔
اسی طرح کابل کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر برطانیہ کے بھی 900 سے زائد اہلکار تعینات ہیں جو جنگ کے دوران برطانوی فوج کے لیے مترجم اور معاونت کے فرائض انجام دینے والے افغان شہریوں کی برطانیہ روانگی کی نگرانی کررہے ہیں ۔
ادھر نیٹو کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز کے دوران 18 ہزار افغان شہریوں کو بیرون ملک منتقل کیا گيا ہے جب کہ پینٹاگون کے مطابق اتنے ہی عرصے میں 7 ہزار افراد کو امریکہ منتقل کیا گيا ہے۔
آپ کا تبصرہ