مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت سے متعلق قرار داد بھاری اکثریت سے منظور کرلی ہے جنرل اسمبلی میں 163 ممالک نے قرارداد کے حق میں 5 ممالک نے قرارداد کی مخالفت میں جبکہ 10 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
امریکہ، اسرائیل ، مارشل آئي لینڈ ، وفاقی ریاست مائیکرونیشیا اور نورو، وہ ممالک ہیں جنھوں نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔
اس قرارداد میں اقوام متحدہ سے منسلک تمام ممالک اور اداروں سے مطالبہ کیا گيا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور فلسطینیوں کے مستقل ملک کی تشکیل میں تعاون فراہم کریں ۔ قرارداد کے مطابق فلسطینیوں کو مستقل ملک تشکیل دینے کا حق ہے قرارداد میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گيا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی حمایت اور ان کو ان کے اہداف تک پہنچنے میں مدد فراہم کریں۔
قرارداد میں فلسطین کے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کے سلسلے میں تاکید کی گئي ہے اور 1967 کے بعد جن علاقوں پر اسرائیل نے ظالمانہ اور غاصبانہ قبضہ کیا ہے ان علاقوں کی آزادی پر زوردیا گیا ہے ۔ اقوام متحدہ کی قرارداد میں فلسطینی اور اسرائیلی دو حکومتوں کی تشکیل پر بھی زوردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلسطین کے وزير خارجہ ریاض المالکی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھاری اکثریت سے منظور ہونے والی قرارداد کا خير مقدم کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ