مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے یمن میں مجلس عزا پر سعودی عرب کے مجرمانہ اور بہیمانہ ہوائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب جیسی جرائم پیشہ حکومت کی طرف سے ایسے حملے ان کی بہیمانہ خصلت کا حصہ ہیں لیکن اس کے باوجود کامیابی یمنی عوام کے قدم چومے گی حسینیوں کی فتح و ظفر اور یزیدیوں کی شکست اور ناکامی یقینی ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ جب ہم آل سعود اور سعودی عرب کے حکام کی تاریخ کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ سعودی عرب کے جرائم پیشہ حکام کے مجرمانہ اقدامات سے تاریخ بھری پڑی ہے انھوں نے یمن سے پہلے بھی جزیرۃ العرب میں ہزاروں بےگناہ افراد کا ناحق خون بہایا ہے اور ان کے ماضی کے جرائم کو دیکھ کر انسان سمجھ جاتا ہے یمن میں آل سعود کے وحشیانہ جرائم بھی ان کے ماضی کا آئينہ ہیں۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ آل سعود نے یمنی مسلمانوں کی مسجدوں، عبادتگاہوں، اسکولوں، اسپتالوں اور تاریخی مقامات کو تباہ و برباد کردیا ہےاور سعودی عرب کے بہیمانہ جرائم کے نتیجے میں عالمی سامراجی طاقتیں بھی رسوا ہوجائيں گی جو یمنی عوام کے قتل عام کے سلسلے میں سعودی عرب کو ہتھیار فراہم کررہی ہیں ۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ آل سعود امریکہ کی اسلحہ فروخت کرنے والی کمپنیوں کی رونق بنے ہوئے ہیں اور امریکی ہتھیاروں کے ذریعہ کمزور عرب اقوام کا بے رحمانہ قتل عام کررہے ہیں اور مسلمانوں کا ناحق خون بہا رہے ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ خون کی شمشیر پر فتح یقینی ہے یمنی عوام کا ناحق خون سعودی عرب کے وحشیانہ اور مجرمانہ ہوائی حملوں پر کامیاب ہوجائے گا سعودی عرب کی شکست اور یمنی عوام کی کامیابی یقینی ہے۔ واضح رہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی مجلس عزا پر سعودی عرب کے وحشیانہ، مجرمانہ اور بہیمانہ فضائی حملے میں 700 یمنی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صنعا کے جنوب میں یمن کے وزیر داخلہ جلال الرویشان کے باپ کی مجلس ترحیم اور مجلس عزا پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 144 افراد شہید اور 527 زخمی ہوگئے ہیں۔
مجلس عزا میں صنعا کے گورنر عبدالقادر الہلال بھی موجود تھے جو سعودی عرب کے اس فضائی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ صنعا کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اسپتالوں میں خون کم پڑ گیا ہے لوگوں سے خون عطیہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کی بنا پر بہت سے زخمیوں کی شہادت کا خدشہ ہے۔
آپ کا تبصرہ