مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس نے امریکہ کے اس دعوے کوسختی کے ساتھ رد کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ روس کے 4 میزائل ایران میں گرے ہیں ایران نے بھی امریکی دعوے کو نفسیاتی جنگ کا حصہ قراردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی حکام نے دعوی کیا ہے کہ روس کی جانب سے شام میں داعش دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں داغے گئے کروز میزائلوں میں سے 4 شام کے بجائے ایران کی سرزمین پر گرے تھے۔ تاہم روس کی وزارت دفاع کے ترجمان جنرل آئیگور کوناشنکوف نے امریکہ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا کوئی بھی میزائل ایران نہیں گرا بلکہ تمام کے تمام میزائلوں نے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ روس ایسی کارروائیوں میں نشانہ بننے سے پہلے اور بعد میں بھی ہدف کا پورا جائزہ لیتا ہے۔
روس کی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وہابی دہشت گرد تنظیم داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے بحیرۂ کیسپیئن میں موجود جنگی بحری جہازوں سے شام کے شمالی اور شمال مغربی صوبوں میں 11 مقررہ اہداف پر 26 کروز میزائل داغے گئے تھے جس کا مقصد زمینی کارروائی کے لیے شامی فوج کو مدد کرنا تھا۔ ایران نے امریکی دعوے کو روس کے خلاف امریکہ کی نفسیاتی جنگ کا حصہ قرار دیا ہے۔
آپ کا تبصرہ