مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان میں طالبان کے رہنما ملا عمر نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی حمایت کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق عید الفطر کی مناسبت سے اپنے ایک جاری پیغام میں ملا عمر نے کہا کہ ہماری سیاسی کوششوں کا مقصد افغانستان میں غیر ملکی قبضے کو ختم کرنا اور یہاں اسلامی نظام لانا ہے، ہم نے سیاسی امور کے لیے ’سیاسی دفتر‘ قائم کیا ہے جس کو سیاسی سرگرمیوں کی نگرانی کا کام سونپا گیا ہے۔ تمام لوگوں کو یقین ہونا چاہیے کہ اس عمل میں ہم اپنے قانونی حق اور موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں افغانستان میں امن عمل کی کوششوں کو جاری رکھنے اور اعتماد سازی کی فضاء پیدا کرنے پر اتفاق ہوا تھا جب کہ مذاکرات میں امریکہ اور چین کے نمائندوں نے بھی شرکت کی تھی لیکن یہ مذاکرات ابھی تک کسی نتیجے تک نہیں پہنچے ہیں۔
آپ کا تبصرہ