10 اکتوبر، 2026، 9:01 AM

فرانس کا جوہری پروگرام ضروری اور ایران کا پروگرام خطرہ، میکرون کی دوغلی پالیسی

فرانس کا جوہری پروگرام ضروری اور ایران کا پروگرام خطرہ، میکرون کی دوغلی پالیسی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون پر جوہری ہتھیاروں کے معاملے میں دوہرے معیار اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کے لیے جوہری ہتھیار آزادی اور سلامتی کی ضمانت ہیں، لیکن ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کو بھی خطرہ قرار دیا جاتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جوہری پروگرام کے بارے میں دوغلی پالیسی پر فرانسیسی صدر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جوہری وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل کے تجربے کے موقع پر میکرون نے کہا تھا کہ آزاد رہنے کے لیے خوف پیدا کرنا اور خوف پیدا کرنے کے لیے طاقتور ہونا ضروری ہے۔

بقائی نے سوال اٹھایا کہ دوسری جانب میکرون ایران کے بارے میں کہتے ہیں کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں، نہ آج، نہ پانچ سال بعد اور نہ ہی دس سال بعد۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ اصل سوال یہ نہیں کہ فرانس کے پاس جوہری قوت کیوں ہے، بلکہ سوال یہ ہے کہ جو منطق فرانس کی سلامتی اور آزادی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے، وہی ایران کے معاملے میں اچانک خطرہ کیوں بن جاتی ہے، حتیٰ کہ اس وقت بھی جب ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کی بات ہو، جو بین الاقوامی نگرانی کے تابع ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلخ حقیقت یہ ہے کہ بعض طاقتیں سب کے لیے امن نہیں چاہتیں، بلکہ خوف پیدا کرنے والی طاقت پر اپنی اجارہ داری اور دوسروں کو مرعوب کرنے کے لیے اپنی مرضی کو جائز قرار دینے کا اختیار برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔

بقائی کے مطابق، یہ طاقتیں خود جوہری ہتھیاروں سے لیس اور طاقتور رہنا چاہتی ہیں، لیکن دوسرے ممالک، حتیٰ کہ پُرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی استعمال کرنے کے خواہش مند ممالک پر بھی پابندیاں عائد کرتی ہیں اور نام نہاد جوہری خطرے کا ہوا کھڑا کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا امن حقیقی امن نہیں، جس میں جوہری طاقتیں اپنے ہتھیاروں کو اپنی آزادی اور سلامتی کی ضمانت سمجھیں، لیکن یہی منطق دوسرے ممالک کی جانب سے پیش کیے جانے پر اسے خطرہ قرار دیں۔ یہ دراصل احساسِ برتری پر مبنی طاقت کی اجارہ داری ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایسا عالمی نظام جو تمام ممالک کے سلامتی اور امن کے حق کو تسلیم نہیں کرتا، امن کے تحفظ کے بجائے چند طاقتور ممالک کے تسلط کو فروغ دیتا ہے۔

News ID 1941999

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha