مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے لبنان کے اعلیٰ اسلامی شیعہ کونسل کے نائب سربراہ شیخ علی الخطیب سے ملاقات میں لبنان کی عوام، علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی بھرپور حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔
شیخ علی الخطیب چالیسویں بین الاقوامی کانفرنس برائے اسلامی وحدت میں شرکت کے لیے ایک وفد کی سربراہی میں تہران پہنچے ہیں جہاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران شیخ علی الخطیب نے لبنان کی تازہ ترین صورت حال اور اس ملک کے خلاف صہیونی حکومت کی مسلسل جارحیت کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے مزاحمت کرنے والی لبنانی عوام اور صہیونی جارحین و قابضین کے مقابلے میں لبنان کی علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی مؤقف کو سراہا۔
شیخ علی الخطیب نے کہا کہ ایران کا یہ اصولی مؤقف مزاحمت کرنے والی لبنانی عوام کے لیے حوصلے اور امید کا باعث ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے چالیسویں بین الاقوامی کانفرنس برائے اسلامی وحدت میں شیخ علی الخطیب اور ان کے وفد کی شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنانی عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور لبنان کی علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے تحفظ کو اہمیت دیتا رہے گا۔
عراقچی نے لبنان کے خلاف جنگ کے خاتمے اور صہیونی قابضین کے زیر قبضہ لبنانی علاقوں سے ان کے انخلا کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کی نسل کشی، جنگ افروزی اور توسیع پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانا انتہائی اہم ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے کے ممالک کو درپیش خطرات اور ان کے داخلی معاملات میں تخریبی مداخلتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اسلامی ممالک اور خطے کے ملکوں کے درمیان باہمی یکجہتی اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
آپ کا تبصرہ