مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے اعلی فوجی کمانڈروں نے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یمنی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق المسیرة ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمن کے وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی اور مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف یوسف حسن المدانی نے یمن کی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط کے نام پیغام میں کہا کہ مسلح افواج کے تمام شعبے اور یونٹ اعلی ترین سطح کی تیاری کی حالت میں ہیں۔
یمنی فوجی کمانڈروں نے کہا کہ مسلح افواج قیادت کی جانب سے دیے جانے والے ہر ایسے حکم پر عمل درآمد کے لیے مکمل تیار ہیں جو جنگ کے حالات اور توازن کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سعودی عرب، صہیونی حکومت، امریکہ اور ان کے اتحادی جان لیں کہ ماضی کے جنگی معاملات اب ختم ہوچکے ہیں۔
یمنی کمانڈروں نے کہا کہ جس یمن کو ماضی میں دشمنوں نے محاصرے میں رکھا تھا، وہ آج خود دشمنوں کو محاصرے میں لینے اور ان کے لیے خوف کا باعث بننے والی طاقت بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے یمن کے پاس دفاعی اور ڈیٹرنس کے تمام وسائل موجود ہیں، اور دشمنوں یا ان کے اتحادیوں کی کسی بھی حماقت کا جواب ایسی آگ کے طوفان سے دیا جائے گا جس کے بعد دشمنوں کے پاس صرف پشیمانی باقی رہ جائے گی۔
یمنی وزیر دفاع اور چیف آف اسٹاف نے سعودی عرب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حالات بدل چکے ہیں اور یمن کے پاس ایسے تباہ کن وسائل موجود ہیں جن کی وجہ سے دشمنوں کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیچھے ہٹنے یا سمجھوتے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اور گمراہ عناصر کو یمن کی قیادت کی بات ماننی چاہیے، کیونکہ مستقبل بیرونی طاقتوں کے پیروکاروں کا نہیں بلکہ آزاد اور خودمختار یمن کا ہے۔
یمنی فوجی حکام نے خبردار کیا کہ یمنیوں کے حقوق کو نظر انداز کرنے کے لیے کسی بھی نئی مہم جوئی کا سامنا فوجی طاقت سے ہوگا، جو خطے کے معادلات کو مکمل طور پر تبدیل کردے گی۔
انہوں نے کہا کہ یمنی افواج انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی کی قیادت کی جانب سے مقرر کردہ راستے پر گامزن ہیں۔
یمنی فوجی کمانڈروں نے بیرونی فریقوں کو دوبارہ خبردار کیا کہ یمنی فوج ایک وسیع جنگ میں داخل ہونے کے لیے مکمل تیار ہے جو اللہ کی مدد سے واضح کامیابی تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ یمنی افواج دشمن کی تمام نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔
یمنی اعلی فوجی کمانڈروں نے آخر میں کہا کہ اب یمن کسی سازش کا میدان نہیں ہوگا بلکہ سازشی عناصر کے لیے قبرستان اور ہر قابض کے لیے جہنم ثابت ہوگا۔
آپ کا تبصرہ