مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کو اپنی میزائل قوت پر فخر ہے لیکن اصل طاقت عوام اور ان کی حمایت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جب تک عوام ساتھ ہیں ایران دنیا کی سب سے مضبوط ریاست ہے، اور اگر عوامی دل نہ جیتے جائیں تو میزائل حملے بھی اپنی اصل تاثیر کھو دیتے ہیں۔
قالیباف نے بسیجی طلباء اور دانشوروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 روزہ جنگ نے انقلاب اسلامی کے لیے ایک نیا دریچہ کھولا۔ دشمن نے ایران کو توڑنے اور انقلاب اسلامی کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، لیکن عوام کی فداکاری، فوجی قوت اور رہبر انقلاب کی حکیمانہ قیادت نے دشمن کو مذاکرات پر مجبور کر دیا۔ اب اصل میدان اقتصادی، ثقافتی اور سماجی ہے اور نوجوان نسل کو نئے طریقوں کے ساتھ مستقبل کی تیاری کرنی ہوگی۔
اسپیکر نے کہا کہ موجودہ حکمرانی اور اقتصادی نظام میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے اور اس عمل میں بسیج کو پیش قدمی کرنی ہوگی۔ نوجوان نسل، خصوصا طلباء اور دانشور ملک کو ایک نئے دور میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
قالیباف نے مزید کہا کہ دشمن اب جنگ کو دفاعی میدان سے ہٹا کر اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی میدان میں لے آیا ہے، اور اس کا مقصد عوام کے دلوں میں ناامیدی پیدا کرنا ہے۔ اس کا مقابلہ صرف عملی اقدامات، نتیجہ خیزی اور عوامی زندگی میں حقیقی بہتری سے ممکن ہے۔
قالیباف نے کہا کہ اگر عوام دل سے ہمارے ساتھ ہوں تو ایران ناقابل شکست ہے، اور یہی اصل طاقت ہے جو دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بناسکتی ہے۔
آپ کا تبصرہ