17 دسمبر، 2025، 8:50 AM

مداخلت آمیز مؤقف پر قبرص کے سفیر ایرانی وزارت خارجہ طلب

مداخلت آمیز مؤقف پر قبرص کے سفیر ایرانی وزارت خارجہ طلب

ایرانی وزارت خارجہ نے مداخلت آمیز بیانات پر قبرص کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی علاقائی سالمیت کے خلاف مداخلت آمیز مؤقف اختیار کرنے پر جمہوریہ قبرص کے سفیر کو وزارت خارجہ نے طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق، قبرص اور متحدہ عرب امارات کے حکام کے مشترکہ بیان میں ایران کی علاقائی سالمیت سے متعلق مداخلت آمیز نکات شامل کیے جانے پر وزارت خارجہ نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ اسی تناظر میں وزارت خارجہ کے معاون وزیر اور خلیج فارس امور کے ڈائریکٹر جنرل محمد علی‌بیک نے تہران میں قبرص کے سفیر پیٹروس ناکوزیس کو وزارت خارجہ طلب کیا۔

اس موقع پر قبرص کے سفیر کو ایک تحریری یادداشت بھی دی گئی اور ایران کا شدید احتجاج باضابطہ طور پر ان تک پہنچایا گیا۔

معاون وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ خلیج فارس کے جزائر ابو موسی، تنب بزرگ اور تنب کوچک ایران کے ناقابل تنسیخ حصے ہیں اور ان تینوں جزیروں پر ایران کی تاریخی، قطعی اور مؤثر حاکمیت کسی بھی شک و شبہے سے بالاتر ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایران اپنی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی قسم کے دعوے کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور اسے ریاستوں کی قومی خودمختاری اور علاقائی وحدت کے احترام کے بنیادی اصول کی صریح خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔

محمد علی‌بیک نے کہا کہ ایران ہمیشہ دوسرے ممالک بالخصوص قبرص کی حاکمیت اور علاقائی امور میں عدم مداخلت کی اصولی پالیسی پر کاربند رہا ہے۔

انہوں نے قبرص سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس سنگین غلطی کی اصلاح کرے اور آئندہ ایسے اقدامات سے گریز کرے۔

News ID 1937135

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha