مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس اور چین نے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی 30ویں مشترکہ نشست میں قمری توانائی اسٹیشن کی تعمیر میں تعاون کے روڈ میپ کی منظوری دی ہے، جس میں دنیا کا پہلا قمری توانائی اسٹیشن قائم کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔ روسی وزیر اعظم میخائیل میشوستین اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ نے اس معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان خلائی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک قدم قرار دیا۔
متحدہ عرب امارات میں نیشنل کوڈ ڈے کے موقع پر مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور ریموٹ ورک کے دفتر نے مرکزی بینک کے تعاون سے ایک یادگاری سکہ ڈیزائن کرنے کے لیے AI پر مبنی منصوبے کا آغاز کیا، جس میں شہری براہ راست شرکت کر سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی حالیہ ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس (COP) میں فیصلہ کیا گیا کہ 2035 تک ہر سال 1.3 ٹریلین ڈالر ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
مصر کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کینسر کے خلاف تمام ادویات اب مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کی جا رہی ہیں، جس سے درآمدات پر انحصار کم ہو گا اور مریضوں کو اہم ادویات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔
عالمی توانائی کونسل کے سربراہ "آنجے میتا" نے کہا ہے کہ بھارت اگر نایاب زمینی عناصر کی پراسیسنگ کی صلاحیت کو فروغ دے تو وہ اس شعبے میں عالمی طاقت بن سکتا ہے۔
ایرانی سائنسدانوں نے بھی آئرن کی کمی سے پیدا ہونے والی خون کی کمی کے علاج کے لیے دنیا کی پہلی نینو آئرن انجیکشن سپلیمنٹ تیار کر لی ہے، جسے عالمی سائنس برادری نے سراہا ہے۔ یہ ایجاد علاج کو تیز تر اور محفوظ تر بناتی ہے۔
روسی اور ایتھوپین تجارتی حجم میں 2025 کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، اور دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی ہے۔
چینی خلا بازوں نے ملکی خلائی اسٹیشن میں پہلی بار خلائی اوون کے ذریعے مدار میں تازہ کھانا تیار کیا، جو طویل مدتی خلائی مشنوں میں زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
جنوبی افریقہ میں سیاحت کا شعبہ بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جہاں 2025 کے آغاز سے ستمبر کے آخر تک 76 لاکھ سے زائد غیر ملکی سیاحوں نے ملک کا دورہ کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
آخر میں، ملائیشیا اور انڈونیشیا نے جنوب مشرقی ایشیا میں سائنسی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی اور تحقیقی تبادلوں کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
آپ کا تبصرہ