مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور پاکستان کے مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن کا 22واں اجلاس 15 اور 16 ستمبر کو تہران میں منعقد ہوگا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اتوار کو تین روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں۔
جام کمال خان اپنے دورے کے دوران پاک–ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کی قیادت کریں گے اور پاک–ایران بزنس فورم کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
وزارتِ تجارت کے مطابق، اس موقع پر وہ ایرانی وزرا اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق، دونوں ممالک توانائی اور تجارت سمیت متعدد شعبوں میں پہلے ہی کئی معاہدے کرچکے ہیں اور یہ اجلاس تعلقات میں مزید توسیع اور پیشرفت کا ذریعہ بنے گا۔
کمیشن کے اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، بینکاری، توانائی، صنعت، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ سماجی، ثقافتی اور صوبائی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ