11 ستمبر، 2025، 10:06 AM

ایران و مصر کے صدور کا رابطہ، اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ موقف پر اتفاق

ایران و مصر کے صدور کا رابطہ، اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ موقف پر اتفاق

ایران اور مصر کے صدور نے ایک ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کسی بھی اصول اور قاعدے کا پابند نہیں اور جب چاہے کسی بھی ملک پر حملہ آور ہوجاتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور مصر کے صدور نے ایک ٹیلی فونک گفتگو میں قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ صہیونی حکومت کی غیرانسانی اور توسیع پسندانہ پالیسیوں کے مقابلے میں متحد اور واضح موقف اپنایا جائے۔

گفتگو کے دوران صدر مسعود پزشکیان نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی کا ایران اور عالمی جوہری ایجنسی کے مذاکرات میں فعال کردار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کسی بھی اصول اور قاعدے کا پابند نہیں اور جب چاہے کسی بھی ملک پر حملہ آور ہوجاتا ہے، لہٰذا امت مسلمہ کے لیے مشترکہ اور مضبوط مؤقف اختیار کرنا ایک ناگزیر ضرورت ہے۔ 

صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ اگر اسلامی دنیا قرآن کریم کی تعلیمات اور پیغمبر اسلام (ص) کی ہدایات پر عمل کرے تو ایک امتِ واحدہ کی حیثیت سے صہیونی جارحیت کے مقابلے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

صدر ایران نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے اعلی حکام مستقبل قریب میں براہِ راست ملاقات کے ذریعے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کے فروغ بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد و انسجام کے لیے بھی عملی اقدامات پر مشاورت کرسکیں گے۔ 

انہوں نے ساتھ ہی مصر کے صدر کو ایران کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

گفتگو کے دوران صدر عبدالفتاح السیسی نے بھی ڈاکٹر پزشکیان سے رابطے پر خوشی کا اظہار کیا اور ایران و آئی اے ای اے کے درمیان طے پانے والے حالیہ معاہدے کو علاقے میں امن و استحکام کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ایران کی نیک نیتی اور شفاف رویے کا مظہر ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ایران کے جوہری مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں۔

مصری صدر نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اسلامی سرزمینوں پر کھلی جارحیت اور امت مسلمہ کی سرخ لکیروں کی خلاف ورزی ہے۔

 انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل کے حالیہ اقدامات نے اس بات کو مزید آشکار کردیا ہے کہ اسلامی ممالک کو اس کے توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف مشترکہ اور مضبوط ردعمل دینا ہوگا تاکہ خطے میں توازن اور سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔

News ID 1935289

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha