مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہر سال کی طرح امسال بھی اربعین حسینی کے موقع پر لاکھوں مومنین عراق کے مختلف شہروں سے کربلائے معلی کی طرف پیدل مارچ کررہے ہیں۔ اس مارچ کا مرکزی راستہ نجف سے کربلا کا راستہ ہے جس پر دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے زائرین پیدل مارچ کررہے ہیں۔ گذشتہ کچھ عرصے سے مقاومت اور عالمی استکبار کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے اربعین مارچ عالمی طاغوت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کررہا ہے۔ مارچ میں شریک زائرین غزہ اور دیگر مقامات پر صہیونی حکومت اور امریکہ کے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کررہے ہیں۔
مہر نیوز نے اربعین واک میں شامل زائرین سے گفتگو کی اور مشرق وسطی اور عالمی حالات پر ان کی رائے جاننے کی کوشش کی۔
اس موقع پر واک میں شریک پاکستانی خاتون سیدہ وجیہہ زہرا نقوی نے اسلامی جمہوری ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ اور رہبر معظم کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای اس دور میں حقیقی معنوں میں شیعوں کی پہچان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج رہبر انقلاب اسلامی دنیا کے حق پرستوں کے قائد بن کر ابھرے ہیں اور 12 روزہ جنگ میں جس طرح انہوں نے استکبارِ جہانی کے خلاف استقامت دکھائی، اس میں امام علی علیہ السلام کی جھلک، امام حسین علیہ السلام کی شجاعت اور نائب امام زمانہؑ ہونے کا حق ادا کیا ہے۔
انہوں نے آخر میں دعا کی کہ خداوند متعال رہبر عزیز کو سلامت رکھے اور ان کے پرچم تلے ہم ظہورِ امام زمانہؑ تک پہنچیں۔
آپ کا تبصرہ