مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ دشمن کے فضائی حملوں کو روکنے اور ان کے طیاروں کو زمین بوس کرنے والے ایران کے ائیر ڈیفنس سسٹم کے جوانوں کی دلیری، مہارت اور استقامت ایران کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر انہوں نے 12 روزہ جنگ کے شہداء اور جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ فضائی دفاع نے ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت میں بہترین کردار ادا کرتے ہوئے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہر سطح کے خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دشمن کو اس کی جارحیت پر پشیمان کرسکتا ہے۔
جنرل موسوی نے زور دے کر کہا کہ جس پیمانے پر دشمن کے ڈرون اور ہوائی جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، وہ ایرانی فضائی دفاع کی بے مثال طاقت، مضبوط ارادے اور شجاعت کا عملی ثبوت ہے، جو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔
انہوں نے اس حوصلے اور عزم کو مضبوط ایمان، قومی غیرت، رہبر معظم انقلاب کی مدبرانہ قیادت، قومی وحدت، اور عوام و مختلف طبقات کی ہمہ گیر حمایت کا نتیجہ قرار دیا۔
جنرل موسوی نے جدید چیلنجز کے مقابلے کے لیے دفاعی نظام کی اپڈیٹ، ملکی ٹیکنالوجی کے استعمال، آپریشنل مہارت اور تخلیقی حکمت عملی پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اسے پہلے سے زیادہ سخت اور تباہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آپ کا تبصرہ