مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کی جانب سے قطر میں واقع امریکی ہوائی اڈے العدید پر جوابی کارروائی کو دفاعی حق قرار دیتے ہوئے تین یورپی ممالک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی درجے کی منافقت ہے کہ تین یورپی ممالک صہیونی حکومت کے حملوں کی تائید کریں، مگر ایران کی قانونی اور دفاعی جوابی کارروائی کو تنقید کا نشانہ بنائیں۔ ایسے بیانات اور علاقائی سلامتی کے لئے کسی بھی طور پر مفید نہیں۔
بقائی نے واضح کیا کہ ایران کا اسرائیل اور امریکی ائیر بیس پر حملہ ایک مکمل دفاعی اقدام تھا۔ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض ممالک نے اسرائیل اور امریکہ کی ایران پر جارحیت میں اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت دی، جو بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ایران ان رپورٹس کی تصدیق کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور محض میڈیا کی خبرسازی پر بھروسہ نہیں کرسکتا۔
بقائی نے مزید کہا کہ ایران خطے کے تمام ممالک سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ انہیں باور کرایا جا سکے کہ اسرائیلی حملے کسی ایک ملک تک محدود نہیں بلکہ پوری خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نظر میں اب یہ کہنے کی بھی ضرورت نہیں رہی، کیونکہ اب تمام علاقائی ممالک اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ اس پورے خطے میں بدامنی کا اصل منبع صہیونی حکومت ہی ہے۔ ہم تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشاورت اور تعاون کے لیے آمادہ ہیں کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ کسی ایک جگہ کی بدامنی پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
آپ کا تبصرہ