21 جون، 2025، 1:03 AM

سلامتی کونسل ایران پر اسرائیلی حملوں کی غیر مشروط اور دوٹوک مذمت کرے، پاکستان

سلامتی کونسل ایران پر اسرائیلی حملوں کی غیر مشروط اور دوٹوک مذمت کرے، پاکستان

پاکستانی مندوب نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملوں کی غیر مشروط اور دوٹوک مذمت اور ان حملوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستانی سفیر عاصم افتخار نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی موجودگی اوران کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی جنگ بندی اور مذاکرات کی اپیل سے مکمل اتفاق کرتا ہے۔

پاکستانی مندوب نے اسرائیل کی بلاجواز اور غیرقانونی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اسرائیل کے یہ کھلے حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے ہونے والے انسانی جانوں کے نقصان اور شہری تباہی پر گہری تشویش ہے۔

پاکستانی سفیر نے ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر حملے کو انتہائی خطرناک قرار دیا اور کہا کہ یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر، آئی اے ای اے ضوابط، جنیوا کنونشن اور دیگر عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی(آئی اے ای سے) کو چاہیے کہ ان حملوں پر اپنا قانونی مؤقف واضح کرے اور سلامتی کونسل کو مکمل رپورٹ دے۔

پاکستانی مندوب نے غزہ، شام، لبنان اور یمن میں اسرائیل کی بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ خطے کی کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔

عاصم افتخار نے سلامتی کونسل سے اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملوں کی غیر مشروط اور دوٹوک مذمت، فوری جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار اور بگڑتی صورت حال کو مکمل جنگ میں بدلنے سے روکنے، آئی اے ای اے کی محفوظ تنصیبات کو نشانہ بنانے کی واضح مذمت، قرارداد 487 پر عمل درآمد مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کرے تاکہ بحران کا پائیدار اور پرامن حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر جاری سفارتی رابطے ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور اسرائیلی حملے ان کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں، جن کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

News ID 1933702

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha